چارسال تک دوسروں کو،،آپ نے گھبرانانہیں،،کادرس دینے والے کپتان اتنی جلداوراس قدرگھبراجائیں گے یہ توہم نے سوچابھی نہ تھا۔اپنے کیا۔؟یہ توغیروں کے وہم وگمان میں بھی نہ تھاکہ شاہانہ پروٹوکول کے سائے اورسرکارکی چھتری تلے ہرچھوٹے بڑے سیاسی مخالف کواٹھتے بیٹھتے اورسوتے جاگتے للکارنے اورلتاڑنے والے صاحب اندرسے اس قدرکمزوروڈرپوک نکلیں گے کہ نہتے اورغریب کارکنوں کوپھراس کے سرہانے پہرہ دیناپڑے گا۔ہم نے توسناتھاکہ لیڈرنہ صرف اپنے کارکنوں بلکہ پوری قوم کی جان،مال،عزت اورآبروپرپہرہ دیتے ہیں لیکن۔یہ کیا۔؟قوم یوتھ جس کونمبرون لیڈرکااعزازبخش رہی ہے تحریک انصاف کے کارکن اب اس عظیم لیڈرپرپہرہ دے رہے ہیں۔ لیڈراورشیرکوتوکسی پہرے کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ یہ تو خودپہرہ ہوتے ہیں۔عمران خان اگربڑے لیڈراوراتنے بہادرہیں توپھرغریب کے بچوں کوآگے یہ ڈھال بنانے کامطلب اورمقصدکیا۔؟کپتان کے وارنٹ لیکرپولیس والے تھانے سے نکلے نہیں ہوتے کہ ادھرتحریک انصاف کی جانب سے پورے ملک اورسوشل میڈیاپریہ اعلانات شروع ہوجاتے ہیں کہ کارکن فوراًزمان پارک پہنچیں۔اب سننے میں آرہاہے کہ عمران خان کی حفاظت اورزمان پارک پرپہرہ دینے کے لئے پورے ملک سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کوباری باری ثواب کمانے کاموقع دینے کے بارے میں سوچ بچاربھی شروع ہوگئی ہے۔کھلاڑی کپتان پرپہرہ دیں یاکپتان کھلاڑیوں پر۔اس پرہمیں کوئی اعتراض نہیں۔ہماراتوبس سادہ ساایک سوال ہے کہ جوبندہ کل تک دوسروں کوقانون کاسامناکرنے اورعدالتوں میں پیش ہونے کے لیڈرانہ مشورے اوردرس دیاکرتے تھے آج وہ خودقانون اورعدالتوں سے دورکیوں بھاگ رہے ہیں۔؟کپتان کے خلاف اگردرج مقدمات جعلی اورالزامات جھوٹے ہیں تووہ سینہ تان اورسراٹھاکران مقدمات اورالزامات کاسامناکیوں نہیں کرتے۔؟کیامہذب معاشروں میں جب لیڈرکے خلاف مقدمات بنتے ہیں یاان کی گرفتاری کے لئے کوئی وارنٹ جاری ہوتے ہیں وہاں پھرلاؤڈسپیکر پراعلانات کرکے کارکنوں اورکھلاڑیوں کواس طرح بنی گالہ اورزمان پارک میں فوراًپہنچنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔؟بقول کپتان اوران کے کھلاڑیوں کے میاں نوازشریف توڈرپوک اوربزدل ہے لیکن کیاکسی وارنٹ،کسی مقدمے اوراپنی کسی گرفتاری پرنوازشریف یامسلم لیگ ن نے لاؤڈسپیکراورسوشل میڈیاپراعلانات کرکے اپنے کارکنوں کوکبھی اسلام آبادیارائے ونڈپہنچنے کی ہدایت کی۔؟عمران خان کی حکمرانی میں تو اس طرح کے وارنٹ آصف زرداری،شہبازشریف،شاہدخاقان،خورشیدشاہ،سعدرفیق،فریال تالپوراوررناثناء اللہ سمیت دیگردرجنوں سیاستدانوں اورکئی لیڈروں کے بھی جاری ہوئے۔مقدمات بھی ان پربنے،زرداری سمیت کئی سیاستدانوں اورلیڈروں کوگرفتاربھی کیاگیالیکن کیاکسی لیڈراورسیاستدان نے کبھی اپنے کارکنوں کوفوری طورپراسلام آباد،لاہور،پشاوریاکراچی پہنچنے کی ہدایت کی۔؟اس ملک میں سیاستدانوں اورلیڈروں کے خلاف مقدمات اورگرفتاریاں یہ کوئی نئی بات تونہیں۔یہاں جولیڈربنتے ہیں وہ پھرکورٹ کچہریوں میں بھی پیش ہوتے ہیں اورجیلوں میں بھی جاتے ہیں۔عمران خان توایک باروزیراعظم بنے،مسلم لیگ ن کے قائدمیاں نوازشریف تین باراس ملک کے وزیراعظم رہے،پھربھی ہردورمیں ان پرمقدمات بنے اورہرمخالف حکومت میں اس کے وارنٹ جاری ہوئے،دورکیوں جاتے ہیں۔آج وارنٹ اورگرفتاری سے بھاگنے وچھپنے والے اسی عمران خان کی حکومت میں اسی نوازشریف جو تین بارسابق وزیراعظم رہے کوکتنی بارہتھکڑیاں لگائی گئیں۔عمران خان نے توایک سابق وزیراعظم کوہتھکڑیاں لگانے کے لئے نہ دن کودیکھااورنہ رات کو۔شائدکپتان بھول گئے ہوں لیکن عوام کوآج بھی یادہے کہ تین باروزیراعظم رہنے والے وہی نوازشریف جب زندگی کی آخری سانسیں لینے والی اہلیہ کوباہرچھوڑکروطن واپس آئے تواسی کپتان کی حکمرانی میں ایئرپورٹ سے اسے گرفتارکرکے ہتھکڑیاں لگائی گئیں۔درجنوں نہیں سینکڑوں باروہ عدالتوں میں پیش ہوئے لیکن پھربھی انہوں نے کبھی اپنے کارکنوں کونہ رائے ونڈپہنچنے کی کال دی اورنہ کورٹ کچہریوں میں جمع ہونے کی ہدایت کی۔وہ بھی ایک ٹانگ پرپلسترکرکے گرفتاری سے بچنے اورعدالتوں میں پیش ہونے سے کوئی بہانہ بناسکتے تھے۔بہانہ تواس زرداری نے بھی نہیں بنایاجوایک نہیں کئی باروہیل چیئرپرعدالتوں میں پیش ہوئے۔وہ جنہیں کپتان اورکپتان کے کھلاڑی آج بھی بزدل،ڈرپوک اورقانون شکن کہتے ہوئے نہیں تھکتے وہ بزدل،ڈرپوک اورقانون شکن تووارنٹ گرفتاری کوسینے سے لگاکرہتھکڑیوں کوبھی چومتے رہے اورعدالتوں میں بھی پیش ہوتے رہے لیکن یہ جوبہادراورنڈربنے پھرتے ہیں اورجنہیں آئین وقانون کابہت پاس وخیال ہے ایک وارنٹ کے نکلنے پریہ آئین وقانون کودانت دکھانے شروع کردیتے ہیں۔لیڈراوررہنماء جب آئین وقانون کاپاس وخیال نہیں رکھیں گے توپھرکارکن آئین وقانون پرعملدرآمدکیوں اورکیسے کریں گے۔؟کپتان اوران کے کھلاڑیوں نے پہلے سیاست میں گالم گلوچ اوربداخلاقی کی نئی روایت متعارف کی اب یہ ہجوم اورلشکرکے ذریعے آئین وقانون کوروندنے کی بھی نئی روایت ڈالناچاہتے ہیں۔اگرکسی لیڈریاسیاستدان کے خلاف کوئی مقدمہ درج ہوتاہے یاگرفتاری کے کوئی وارنٹ جاری ہوتے ہیں تواس میں پھر ہجوم اورلشکرکوجمع کرنے کاکیاتک بنتاہے۔جس فورم پروہ مقدمہ درج ہواہے یاجہاں سے وارنٹ جاری ہوئے ہیں آپ اسی فورم پرآئین وقانون کے مطابق اس کامقابلہ اوراپنادفاع کریں۔یہ کونساطریقہ ہے کہ آپ کے خلاف کوئی مقدمہ درج ہویاکوئی وارنٹ جاری ہوتوآپ کارکنوں کوفوراًگھروں سے نکلنے کی کال دیں۔جن ممالک کی ترقی اوراندازحکمرانی کی آپ مثالیں دیتے ہیں ان ممالک میں ایسانہیں ہوتاکہ ایک آئینی وقانونی کارروائی کاہجوم ولشکرکے ذریعے جواب دیاجائے۔لگتاہے نہ صرف ہمارے کپتان بلکہ کپتان کے گردگھومنے والے بڑے بڑے کھلاڑی بھی اس وقت گھبرائے بہت گھبرائے ہوئے ہیں تب ہی توہردوسرے وتیسرے دن سوشل میڈیااورلاؤڈسپیکرپر،،کارکن فوراًزمان پارک پہنچیں،،کی صدائیں بلندہورہی ہیں۔ ہمارے کپتان اگرآپ اورآپ کے بہادر کھلاڑی گھبرائے ہوئے نہ ہوتے توآپ اسی ہمت اوربہادری سے حکومتی مظالم کامقابلہ کرتے جس ہمت اوربہادری سے ن لیگ،پیپلزپارٹی،جے یوآئی اوردیگر نے آپ کے مظالم کامقابلہ کیا۔وہ بزدل اورڈرپوک اگرنہیں گھبرائے توپھرآپ بہادرہوکرکیوں گھبرارہے ہیں۔؟
