902

*سالانہ اجتماع پنج پیر کی آمد*

 جماعت اشاعت التوحید والسنۃ العالمیہ کے زیر اہتمام ہر سال اکتوبر کے مہینے میں سالانہ اصلاحی، تبلیغی، تربیتی اور فکری عالمی اجتماع کا انعقاد کیا جاتا ہے۔جس میں پاکستان اور دنیا بھر کے مختلف ممالک سے لاکھوں کی تعداد میں فرزندان توحید جوق درجوق شرکت کرتے ہیں۔  شرکاء کی یہ تعداد اور شوق و ذوق ہر سال پچھلے سال سے دوگنی ہوتی جاتی ہیں۔ یہ اجتماع اس صدی کے مجدد جبل استقامت و شجاعت شیخ العرب والعجم شیخ القرآن مولانا محمد طاہر پنج پیری رح کے عظیم قرآنی انقلابی فکر  کی یاددہانی اور توحید و سنت کے مشن پر مستقیم رہنے کے عہد کی پاسداری کا عملی مظاہرہ ہے۔

اجتماع کا مقصد توحید و سنت کے عظیم مشن و دعوت کو دنیا بھر میں پھیلانے کا عزم اور اپنے جماعتی ساتھیوں میں خصوصاً اور عام مسلمانوں میں عموماً قرآن وسنت کے عملی نفاذ کا ایک نیا جوش و جذبہ امنگ، اتحاد و اتفاق، جہد مسلسل اور استقامت  پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی اصلاح، اراکین کی فکر سازی،  عہدیداروں کی تربیت و ٹریننگ  اور قرآن وسنت کے مشن کو خلوص اور وفاداری  کے ساتھ دنیا کے کونے کونے تک پہنچانے کے عہد و پیمان کا عملی نمونہ ہیں۔ اسی کے ساتھ ساتھ اس اجتماع کے توسط سے تمام اراکین جماعت کی طرف سے  پورے تحریک و جماعت کے لیڈر و امیر محترم  قائد انقلاب قرآنی شیخ القرآن مولانا محمد طیب طاہری حفظہ اللہ کو یہ حوصلہ دلانا ہوتا ہے  کہ ہم سب اپنے مرکز دارالقرآن پنج پیر اور امیر محترم کے حکم کے پابند ہیں اور ہم امیر محترم کے ہر آواز پر لبیک کہتے ہوئے یہ عہد کرتے ہیں کہ امیر محترم اور مرکز کی طرف سے جو بھی  ہدایت ہمیں ملے گی ہم اُن پر من و عن عمل پیرا ہونگے۔

جماعت اشاعت التوحید واحد خالص دینی و قرآنی جماعت ہے، جس کا مقصد  اللہ کے کتاب کی دعوت، توحید و سنت کی اشاعت اور معاشرے کی اصلاح کیلئے صالح رجال کار  کی تیاری ہیں۔ ملک میں دیگر دینی و دنیاوی جماعتیں اور تنظیمیں  بھی کام کررہی ہیں مگر اس کا مقصد یا تو ووٹ لے کر کرسی و اقتدار سنبھالنا یا پھر نوٹ بنانا ہوتے ہیں۔ مگر

جماعت اشاعت التوحید والسنہ کے نام سے بھی اس جماعت کا مقصد و مشن عیاں ہے کہ اس کا مشن وہ ہے جو حضرات انبیاء کرام  علیہم السلام کی مشن تھی۔ یعنی اللہ کی توحید کی طرف دعوت کہ اللہ رب العزت کو یکتا مانا جائے اور اس کے ساتھ کسی بھی مخلوق نبی، ولی، پیر، فقیر، بزرگ، صنم، بت، حجر، شجر، نور ی، ناری اور خاکی مخلوق کو شریک نہ کیا  جائے بلکہ صرف اللہ تعالیٰ کو حاجت روا اور مشکل کشا، متصرف، غیب دان ،نفع ونقصان کا مالک اور حاکم اعلیٰ مانا جائے۔ اور یہ یقین کرنا کہ دنیوی و اُخروی کامیابی کا راز حضور اکرم ﷺ کے اتباع میں پنہاں ہے، اپنے تمام عبادات، اخلاق، معاشرت، معاملات، ملکی نظام نیز زندگی کے تمام شعبوں میں نبی کریم ﷺ کے سنت کی احیاء اور خلاف سنت طریقوں، بدعات اور رسومات کا خاتمہ کیا جائے۔

اسی مقصد کیلئے گزشتہ انیس سالوں سے ہر سال مرکز دارالقرآن پنج پیر میں قائد محترم صدر وحدت المدارس الاسلامیہ پاکستان شیخ القرآن مولانا محمد طیب طاہری مدظلہ کے زیر صدارت عالمی سہ روزہ  اجتماع کا انعقاد کیا جاتا ہے۔جسمیں ملک اور بیرونی  ملک سے ہزاروں کی تعداد میں جید علماء ومشائخ، لاکھوں طلباء کرام و عوام الناس، سرکاری و انتظامی آفیسرز، صحافی، وکلاء، تاجر برادری، بیوروکریٹ اور ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شخصیات اپنے اصلاح کیلئے شرکت کرتے ہیں۔

اجتماع کی تیاریاں تقریباً دو مہینے پہلے سے شروع ہو جاتی ہیں۔ سوشل میڈیا ٹیم کی کاوشیں اس حوالے سے لائق تحسین ہیں کہ انہوں نے دن رات ایک کرکے مختلف ڈیزائن کے اشتہارات پورے پاکستان کے ضلعوں تک پہنچائیں اور سوشل میڈیا کے تمام ذرائع سے ان کا کمپین ذور و شور سے جاری ہے۔ گزشتہ ہفتے امیر محترم نے اجتماع کیلئے قائم کمیٹی ممبران کے ساتھ باضابطہ میٹنگ کرائی اور اجتماع کے پنڈال و انتظامات کا باقاعدہ افتتاح دعاء سے کی۔ اس کے بعد اجتماع کے نظم و نسق کے حوالے سے  مرکز کی طرف سے پور ملک سے اجتماع کے شرکاء کیلئے باقاعدہ ہدایات جاری کی گئی تاکہ اجتماع کے دوران ڈسپلن برقرار رہے۔ اور دوسری بات یہ کہ ہمیں اطمینان ہے کہ یہ موحدین کے خلوص اور پیار و محبت کا اجتماع ہیں اس میں کسی قسم کی بد نظمی، بد کلامی، لڑائی جھگڑے اور بے ترتیبی نہیں ہوتی۔ گزشتہ سال امیر محترم کو ضلع صوابی کے ڈی پی او نے کہا کہ چونکہ اجتماع کا انعقاد ہورہا ہے تو میں ماحول کے سازگاری کیلئے اضافی نفری  ضلع نوشہرہ اور مردان سے منگواتا ہوں۔ تو امیر محترم نے ہنستے ہوئے کہا کہ صرف پندرہ بندے بھیجو اور باقی یہ تمام موحدین، مصلحین اور قرآن سے  پیار ومحبت کرنے والے لوگ ہیں کوئی بد نظمی ان شاءاللہ نہیں ہوگی۔ اجتماع ہر سال مرکز دارالقرآن پنج پیر کے سامنے قائد محترم کے اپنے خاندانی زمین وسیع و عریض کھیتوں میں منعقد کی جاتی ہے۔ اجتماع کے پنڈال کی باقاعدہ خدمت کا آغاز ہوچکا ہے اور پورے صوبے سے جوق در جوق علماء، طلباء اور عوام الناس خدمت کیلئے اخلاص و محبت سے آنے شروع ہوئے ہیں۔

جوں جوں اجتماع قریب ہوتی جاتی ہے تو جماعت کے تمام اراکین کے جذبے اور  ولولے میں اضافہ  دیکھنے کو ملتا ہے اور ملک کے طول وعرض سے  توحید وسنت کے پروانوں کے محبت بھرے دعوت و پیغامات و تیاریوں کا سلسلہ پورے عروج سے جاری ہیں۔ ملک کے تمام اضلاع میں ساتھیوں نے اشتہارات، وال چاکنگ، بینرز، پینا فلیکس، ویڈیو پیغامات کے ذریعے کمپین کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ بیرون ملک کے ساتھیوں نے بھی دعوتی و اشتہاری مہم اور پیغامات کے ذریعے اجتماع آگاہی کمپین جاری کئے ہوئے ہیں۔

اجتماع کا باقاعدہ افتتاح و آغاز ان ان شاء اللہ بروز جمعرات 28 اکتوبر 2021 کو بعد نماز ظہر امیر محترم قائد انقلاب قرآنی شیخ القرآن مولانا محمد طیب طاہری مدظلہ کے صدارتی خطاب سے ہوگا۔ پھر باری باری پورے ملک کے ہر صوبے اور ہر صوبے کے  ہر ضلع کے جید  مشائخ و علماء کرام و خطباء  اور مقررین خطاب کریں گے۔ یہ واحد اجتماع ہیں، کہ جس میں دین اسلام کے ہر اہم موضوع جو کہ عقائد، عبادات، اخلاق، معاملات، معاشرہ اور سیاست سے متعلق ہوں، پر بیانات ہوتے ہیں۔ دین اسلام کا کوئی ایسا اہم گو شہ نہ ہوگا کہ جس پر اجتماع میں بات نہ کی جائے۔ امیر محترم کا ماشاءاللہ پورے عالم پر نظر ہے تو ان کے پیغامات بھی عالمی ہوتے ہیں۔ امیر محترم  ملک خداداد پاکستان کے استحکام اور دیگر اسلامی دنیا کے امن اور اغیار کے مذموم سازشوں سے متعلق جامع اور پرمغز خطابات کرتے ہیں۔ امیر محترم کے خطابات اور خصوصاً اختتامی پیغام کو تمام پنڈال سارا سال سے منتظر رہتا ہے۔

ہر مقرر کو باقاعدہ ایک مہینہ پہلے سے موضوع و مقررہ ٹائم بتایا جاتا ہے۔ اور ہر مقرر کو محضوص ٹائم اسلیئے دیا جاتا ہے کہ الحمد اللہ جماعت میں  لاکھوں کی تعداد میں جید علماء و مشائح، ماہرین تفسیر، حدیث و فقہ، جدید علوم کے حامل مفکرین اور تزکیہ کے پابند صلحاء ء موجود ہیں، اب اگر ہر عالم کو  5 منٹ بھی دی جائے اور ہر دن صبح 8 بجے سے رات 1 بجے تک مسلسل بیانات بھی کریں تو بھی ختم نہیں ہوتے۔ الحمد للّٰہ یہ بھی ہمارے جماعت اشاعت التوحید والسنہ کا طرۂ امتیاز ہے کہ  اسمیں قرآن وسنت کے ماہرین اتنے زیادہ علماء صلحاء اور مدرسین موجود ہیں۔ جو شائد دوسرے ایک  جماعت میں بھی نہ ہوں۔ اور اب تو ہمارا اپنا تعلیمی بورڈ "وحدت المدارس الاسلامیہ پاکستان" بھی بن چکا ہے. جس کے نام سے ظاہر ہے کہ ہم ہمیشہ ان شاءاللہ وحدت کا مظاہرہ کریں گے اور افتراق و انتشار کا سبب نہیں بنے گے۔  یہ آج جو ہم جماعتی ترقی، اپنا بورڈ، لاکھوں کارکنان اور مرکز و مشن سے دس گنا زیادہ محبت دیکھ رہےہیں، یہ  سب فکر شیخ القرآن مولانا محمد طاہر نور اللہ مرقدہ کے محنتوں کا نتیجہ ہے کہ آج یہ لاکھوں کی تعداد پر مشتمل اجتماع اس مشن کے علمبردار اور داعی ہیں۔ اور اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ جماعت کی آج اتنی ترقی کا راز اور اس عروج کے روح رواں شیخ القرآن مولانا محمد طاہر نور اللہ مرقدہ رح کے فرزند اور مشن توحید وسنت کے حقیقی وارث امیر محترم قائد انقلاب قرآنی شیخ القرآن مولانا محمد طیب طاہری مدظلہ ہے۔ جس کی مدبرانہ قیادت و لیڈرشپ پر ہمیں فخر ہے۔ امیر محترم للہیت، جماعت و اراکین سے انتہائی درجہ خلوص و محبت ، تقوی'، انتظامی بصیرت، صبر جمیل کے عملی نمونہ، جبل استقامت، مہمان نواز، صاف گو و بے باک،  پختون روایات و غیرت کے عملی نمونہ، اور کبھی نہ بکنے اور جھکنے والا عظیم اوصاف کے حامل لیڈر ہیں۔ جس کے دن رات محنت اور جہد مسلسل سے جماعت دن دگنی رات چوگنی ترقی کے شاہراہ پر گامزن ہے۔ یہ اجتماع انیس سال پہلے امیر محترم نے مشن توحید وسنت کی اشاعت، جماعت کی ترقی، جماعتی اراکین کی یکجہتی، مرکز سے ربط، امیر کی اطاعت،  اور مرکز کے ہدایات پر عمل کرنے  کیلئے شروع کیا تھا۔ جو الحمد للّٰہ آج ایک عالمی اجتماع کی شکل اختیار کر چکا ہے اور ہر سال اجتماع میں لاکھوں موحدین کا اضافہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ اس سال اجتماع کی رعنائیاں اور جوش و جذبہ  پہلے سالوں سے  زیادہ ہیں ان شاءاللہ کافی زیادہ تعداد میں موحدین کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر جوق در جوق شرکت کریں گا۔ آپ سب بھی اپنے اپنے حصے کی دعوت کی ذمہ داری پوری کریں اور اس اجتماع کیلئے خصوصی روزہ رکھیں اور دورکعت نوافل کے ساتھ  اپنے ہر نماز میں اجتماع کے کامیابی، پر امن انعقاد، اور مطلوبہ مقاصد کے حصول کیلئے دعائیں مانگیں۔

"توحید کی امانت سینوں میں ہے ہمارے::

آساں نہیں مٹانا نام و نشاں ہمارا"

بشکریہ اردو کالمز