"اَلْحَاج صَاحِب (دوسرا / آخری حصہ)" 1

"اَلْحَاج صَاحِب (دوسرا / آخری حصہ)"

کالم کا دوسرا حصہ لکھنے میں مجھے کافی وقت لگ گیا۔ معذرت خواہ ہوں لیکن سچ پوچھیں تو دل ہی نہیں کر رہا تھا کہ ان منحوس شکلوں والے حرام خور "اَلْحَاج" صاحبان کا ذکر کروں۔ ان پر نبی کریم حضرت محمد مصطفٰی ﷺ کی مبارک احادیث کا کوئی اثر نہیں ہوتا تو میری باتوں کا کیا اثر ہو گا ؟ اور میں چاہتا بھی نہیں کہ ان پر میری باتوں کا اثر ہو، میری تو دعا ہے کہ اللہ کی مخلوق کا حق چھیننے والے یہ 20 شکلوں والے مداری جب مریں، تو ان کی تدفین حرام کے پیسے ہی سے خریدے گئے کفن میں ہو تاکہ ان کو حرام کھانے کا "اصل سواد" محسوس ہو۔ 

موضوع کی طرف چلتے ہیں۔ میں آپ کو اس کالم کے پہلے حصے میں بتا رہا تھا کہ بدقسمتی سے "اَلْحَاج" صاحبان کی اکثریت دعوت تبلیغ کے مبارک کام سے بھی وابستہ ہے۔ اب آپ کے ذہن میں یہ سوال آ رہا ہو گا کہ ان حرام خور چوروں کا دعوت تبلیغ سے کیا لینا دینا ؟ تو اس کا جواب بہت سیدھا سا ہے۔آپ تو جانتے ہی ہیں، ہماری قوم نماز بھلے ہی ایک بھی نہ پڑھے، لیکن دین کے معاملے میں ماشاء اللہ کافی جذباتی ہے، لہذا "اَلْحَاج" صاحبان لوگوں کی اس کمزوری کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا منحوس چہرہ اور حلیہ دین والوں جیسا بنا کر اوپر سے جھوٹے اخلاق اور میٹھی زبان کا بھرپور طریقے سے "استعمال" کرتے ہوئے اللہ کی مخلوق کو مختلف طریقوں سے تب تک لوٹتے رہتے ہیں، جب تک کہ کوئی ان کی "حقیقت" اور "اصلیت" نہ جان لے۔ کسی کو کاروبار میں شراکت داری کا جھانسہ دے کر، کسی کو صندل اور شہتیر کی لکڑیوں کے جھوٹے کاروبار میں اپنا پارٹنر بنا کر، کسی کو ڈبل منافع کمانے کی جھوٹی کہانیاں سنا کر، الغرض جو بھی جس طریقے سے ان پیشہ ور خاندانی چوروں کے "دام" میں آ جائے، اس کی "کھال" وہیں پر "ادھیڑ" دیتے ہیں۔

پھر آپ دیکھتے ہیں کہ یہ پیدائشی چور نیل لگے سفید کپڑے پہن کر اور ہاتھ میں 5 گز لمبی تسبیح لٹکا کر تبلیغ میں سہ روزہ (تین دن) یا چلہ (چالیس دن) کیلئے نکل جاتے ہیں اور وہاں جا کر لوگوں کے سامنے اللہ اور رسول ﷺ کی بات کرتے ہیں اور صحابہ کرام رضوان اللہ تعالٰی أجمعين کی زندگی کے واقعات سناتے ہیں۔ قارئین کرام، آپ اندازہ لگائیں، یہ کس نسل کے بیغیرت، نیچ اور گرے ہوئے لوگ ہیں کہ پہلے ایک گز لمبی داڑھیاں رکھ کر اور اپنی جھوٹی زبان کا "کرشمہ" دکھا کر غریب، بے بس اور کمزور لوگوں کا مال دھوکے سے چوری کرتے ہیں اور پھر اسی زبان سے اللہ، اللہ اور رسول ﷺ، رسول ﷺ کرتے ہیں۔ میں ان بیغیرت حرام خور "اَلْحَاج" صاحبان سے پوچھتا ہوں کہ نَعُوْذُ بِاللهِ مِنْ ذَالِكَ، اللہ کے دین کا اس قدر گھناؤنے طریقے سے مذاق اڑاتے ہوئے تمہاری زبانوں پر لقوہ نہیں ہوتا ؟ تمہاری حرامزدگی سے بھری ہوئیں یہ موٹی موٹی سفید آنکھیں اللہ اور رسول ﷺ سے بالکل بھی نہیں شرماتی ہیں ؟ مجھے تو سمجھ نہیں آتی کہ تم اپنی شکل آئینے میں کیسے دیکھتے ہو گے ؟ 

قارئین کرام، دعوت تبلیغ اللہ رب العزت کا واضح حکم اور تمام انبیاء کرام عَلَيْهِ الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ کی مبارک سنت ہے، جس کی بنیاد "الأمر بالمَعْرُوف والنَهي عن المُنْكَر" یعنی "اچھائی کی تلقین کرنے اور برائی سے روکنے" کا وہ واضح حکم ہے، جو قرآن کریم میں متعدد مرتبہ آیا ہے۔ خصوصاً "سورة آل عمران" اور "سورة التوبة" میں یہ حکم واضح طور پر موجود ہے۔ تمام انبیاء کرام عَلَيْهِ الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ نے اپنی اپنی قوم پر یہ مبارک محنت کی ہے، انہیں ایک اللہ کی طرف بلایا ہے اور بتایا ہے کہ صرف اور صرف ایک اللہ سے سب کچھ ہوتا ہے، اللہ کے غیر سے کچھ نہیں ہوتا۔ صرف اللہ ہی ہمارا خالق، مالک، رازق، مشکل کشا، حاجت روا ہے اور اس کے علاوہ پورے کائنات میں، زمین و آسمان میں، مکاں و لامکاں میں جو کچھ نظر آ رہا ہے، جتنی بھی مخلوقات ہیں، جو کچھ بھی ہے، یہ سب اللہ کا غیر ہے۔ نبی کریم حضرت محمد مصطفٰی ﷺ اور صحابہ کرام رضوان اللہ تعالٰی أجمعين کی ساری زندگی دین کی اس مبارک محنت میں گزری اور خطبٔہ حجۃ الوداع کے موقع پر آپ ﷺ نے دعوت تبلیغ کے مبارک کام کو قیامت تک آنے والے انسانوں کے ذمے لگایا۔ یہ ہمارے لیئے انتہائی فخر، مسرت اور اعزاز کی بات ہے کہ انبیاء کرام عَلَيْهِ الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ کی یہ مبارک محنت ہمیں سونپی گئی ہے، جو ہمارے لیئے دنیا اور آخرت دونوں کی کامیابی کا راستہ ہے۔

لیکن یہاں کیا ہو رہا ہے ؟ بچپن میں ہمسایوں کے گھر سے پرانے سالن مانگ کر کھانے والوں کے پاس جعلسازی اور چوریاں کر کر کے تھوڑا سا پیسہ آ گیا ہے اور اب وہ اس حرام کے پیسے کو اپنی طاقت سمجھ کر معصوم اور سادہ لوگوں کو لوٹ رہے ہیں اور اپنے نام کے ساتھ "اَلْحَاج" لگا کر، مسجد میں پہلی صف میں کھڑے ہو کر یہ سمجھ رہے ہوتے ہیں کہ ہم تو بہت ہی معزز اور عزت مند لوگ ہیں۔ میں ان پیشہ ور خاندانی چوروں سے پوچھتا ہوں کہ کیا تمہیں لوگ نہیں جانتے کہ تم کون ہو ؟ کوئی منہ سے نہیں بولتا تو اس کا یہ مطلب ہے کہ اسے کچھ بھی معلوم نہیں ہے ؟ آنکھوں پر دو انگلیاں رکھنے سے سورج چھپ جاتا ہے ؟ سفید کپڑے، سر پر بنگالی ٹوپیاں، لمبی لمبی داڑھیاں، ہاتھوں میں 5 گز لمبی تسبیاں اور اونچی آواز میں "الحمد للہ" اور "سبحان اللہ" اور "ماشاء اللہ" اور "بارك الله فيك" کہنے سے اگر تم نیک اور معزز بن گئے، تو میرا منہ کالا کر دینا۔

قارئین کرام، میں کالم کے شروع میں عرض کر چکا ہوں کہ میں یہ کالم لکھنا ہی نہیں چاہتا تھا۔ آپ دیکھیں کہ اس کالم کا پہلا حصہ 3 ستمبر 2026ء کو شائع ہوا تھا اور یہ نومبر 2026ء کا مہینہ چل رہا ہے۔ میرا دل ہی نہیں چاہ رہا تھا کہ میں "اَلْحَاج" صاحبان پر مزید کچھ لکھوں لیکن دو وجوہات کی بناء پر مجبوراً مجھے ایسا کرنا پڑا۔ اول تو اس کالم کا پہلا حصہ شائع ہو چکا تھا، میں اس کو ادھورا نہیں چھوڑ سکتا تھا اور دوم، چونکہ میری خود دعوت تبلیغ سے الْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ پیدائشی وابستگی ہے اور اس مبارک کام کی عظمت اور حیثیت مجھے بہت اچھی طرح معلوم ہے، لہذا یہ بہت ضروری تھا کہ میں دنیا کو بتاؤں کہ ان سفید پوش نوسربازوں کا درحقیقت دعوت تبلیغ سے دور دور تک کوئی واسطہ نہیں ہے۔ یہ فقط لوگوں کو لوٹنے کیلئے میرے دین کا، میرے پیارے نبی کریم حضرت محمد مصطفٰی ﷺ کا اور میرے پیارے صحابہ کرام رضوان اللہ تعالٰی أجمعين کا نام استعمال کرتے ہیں۔ 

آپ تمام قارئین کرام بلاشبہ اس بات پر مجھ سے اتفاق کریں گے کہ ان سفید پوش نوسربازوں سے تو بازار میں بیٹھی وہ جسم فروش طوائف بھی لاکھ درجے بہتر ہے، جو سامنے سے دعوت دے کر، کھل کر، دن دیہاڑے علی الاعلان سب کچھ کرتی ہے، ان کی طرح جھوٹ بول کر اور دھوکہ دے کر کسی کا مال چوری نہیں کرتی۔ یہ اپنا موازمہ اس طوائف سے کرنے کے قابل بھی نہیں ہیں کیونکہ یہ بہت اچھی طرح جانتے ہیں کہ اس طوائف کا پیسہ حلال اور ان کا پھر بھی حرام نکل آئے گا۔ جس کے خون میں حرام شامل ہو جائے، اس پر کسی بھی اچھی بات کا اثر نہیں ہوتا، تاہم میں پھر بھی ان حرام خور مداریوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ جس دین کا تم نے مذاق اڑایا ہے، یاد رکھنا، وہ دین الحمد لله لاوارث نہیں ہے۔ اس دین کا رکھوالا بہت طاقتور اور پورا پورا انصاف کرنے والا بادشاہ ہے۔ وہ تمہیں اس دنیا میں بھی انشاء اللہ سکون سے نہیں رہنے دے گا اور آخرت میں بھی تمہیں منافقین کی صف میں کھڑا کرے گا۔ تم انشاء اللہ "الهاوية" میں ہو گے، جو دوزخ کا سب سے نچلا درجہ ہے۔

قارئین کرام، آپ کو یاد ہو گا، میں آپ کو اس کالم کے پہلے حصے کے شروع میں طرابلس کی ایک پیشہ ور خاندانی چورنی کے بارے میں بتا رہا تھا۔ دراصل وہ خاتون مجھے "اَلْحَاج" صاحبان کی سگی بہن لگتی ہے کیونکہ یہ جانتے ہوئے بھی کہ میں ایک پیشہ ور خاندانی چورنی ہوں، وہ کہہ رہی تھی کہ میں ہی وہ خاتون ہوں، جس پر آپ کو بھروسہ کرنا چاہیئے اور میرے ہی ہاتھ ہیں، جو قابل بھروسہ ہیں، لہذا آپ اپنے عطیات بے فکر ہو کر میرے حوالے کریں۔ بالکل اسی طرح یہ پیدائشی حرام خور "اَلْحَاج" صاحبان بھی یہ بہت اچھی طرح جانتے ہیں کہ ان کی کیا "اصلیت" ہے لیکن ان کے اندر موجود "بیغیرتی کا لیول" اس قدر بلند ہے کہ یہ انتہائی "کانفیڈنس" کے ساتھ زبردستی اپنے آپ کو معزز اور شریف ثابت کرنے پر تلے رہتے ہیں۔ یہ بالکل ایسا ہی ہے کہ کوئی آپ کی آنکھوں میں ہاتھوں اور ٹانگوں سمیت زبردستی گھس رہا ہو۔ انہی جیسے بیغیرتوں کیلئے میں اکثر و بیشتر کہا کرتا ہوں کہ "عزت آنی جانی چیز ہے، بس بندے کو ڈھیٹ اور بیغیرت ہونا چاہیئے۔"


وقار احمد خان۔
 

بشکریہ اردو کالمز

'.$config["ad_footer"].'