243

پاکستانی ٹیکسٹائل: جدیدیت اور عالمی مسابقت کی ضرورت

پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے اور برآمدات کی ریڑھ کی ہڈی سمجھی جاتی ہے، لیکن عالمی منڈی میں مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے صرف کم پیداواری لاگت یا سستی توانائی پر انحصار کافی نہیں رہا۔ انڈسٹری طویل عرصے سے سستی بجلی، کم قیمت گیس، ٹیکسوں میں کمی اور دیگر حکومتی مراعات کی ضرورت کی نشاندہی کرتی رہی ہے، جو یقیناً اہم ہیں، مگر یہ صرف جزوی حل فراہم کرتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ موجودہ عالمی ٹیکسٹائل مارکیٹ تیزی سے ٹیکنالوجیکل کیپیسٹی، سائنسی تحقیق، انوویشن، ویلیو ایڈیشن اور عالمی معیار کی مصنوعات کی طرف منتقل ہو رہی ہے، اور صرف کم لاگت یا حکومتی سہولتوں پر انحصار کرکے یہ معیار حاصل نہیں کیا جا سکتا۔

ہماری انڈسٹری اکثر یہ دلیل پیش کرتی ہے کہ خطے کے دیگر ممالک جیسے انڈیا، بنگلہ دیش، ویتنام اور چین میں توانائی کی قیمتیں ہمارے مقابلے میں کم ہیں اور اسی وجہ سے پیداواری لاگت زیادہ ہونے کی وجہ سے ہم عالمی مقابلے میں پیچھے ہیں۔ یہ جزوی طور پر درست ہے، لیکن ایک اہم حقیقت اکثر نظر انداز کر دی جاتی ہے کہ ہماری انڈسٹری اپنے اندرونی ڈھانچے کی کمزوریوں کو اجاگر نہیں کرتی۔ مذکورہ ممالک نے صرف کم توانائی لاگت پر انحصار نہیں کیا بلکہ اپنی صنعتوں میں جدید مشینری، آٹومیشن، سمارٹ پراسیسنگ، تحقیق و ترقی اور ویلیو ایڈیشن کو بنیادی ستون بنایا ہوا ہے، جس سے پیداواری لاگت میں کمی، معیار میں بہتری اور عالمی مسابقت میں پائیداری ممکن ہوئی ہے۔ ہمارے یہاں اسی طرح کی اندرونی اصلاحات اور ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن کی کمی مہنگی پیدوار کے ساتھ ساتھ معیار اور پیداوری میں خلا پیدا کرتی ہے، اور صرف توانائی کی قیمت یا حکومتی مراعات پر توجہ دینے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔

بین الاقوامی ٹیکسٹائل سپلائی چین تیزی سے آٹومیشن، اسمارٹ مشینری، ڈیجیٹل ڈیزائن، AI بیسڈ انجینئرنگ، جدید ڈائینگ اور فِنِشنگ کیمیکلز، کم توانائی استعمال کرنے والی پروسیس ٹیکنالوجیز، اور ماحول دوست پیداواری نظام کی طرف بڑھ رہی ہے۔ اس کے برعکس ہماری انڈسٹری کی بڑی تعداد اب بھی پرانی مشینری، کم ایفیشنسی اسپننگ یونٹس، روایتی پراسیسنگ اور محدود R&D ڈھانچوں پر چل رہی ہے، جس کے نتیجے میں پیداواری لاگت چاہے کم ہو، معیار، یکسانیت اور سپلائی چین کی رفتار عالمی معیار سے پیچھے رہ جاتی ہے۔

پاکستانی ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے حقیقی مسابقت سائنسی تحقیق، ٹیکنالوجیکل اپ گریڈیشن، ویلیو ایڈیشن، پروسیس انجینئرنگ، اور مارکیٹ بیسڈ انوویشن سے ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔ پیداواری عمل کے ہر مرحلے میں ڈیٹا اینالیسز، مینوفیکچرنگ آپٹیمائزیشن، اور فضلہ کم کرنے والے اقدامات ضروری ہیں تاکہ توانائی اور مواد کی بچت ہو اور مصنوعات کی یکساں کوالٹی برقرار رہے۔ جدید CAD/CAM سسٹمز، ڈیجیٹل پرنٹنگ اور AI بیسڈ ڈیزائن ٹولز مارکیٹ کے بدلتے تقاضوں کے مطابق مصنوعات کی فوری تیاری کو ممکن بناتے ہیں، اور انڈسٹری-یونیورسٹی ریسرچ لنکیجز و R&D لیبارٹریز کے قیام سے نئی فیبرکس، کمپوزٹ میٹریلز اور کم توانائی استعمال کرنے والے کیمیکلز تیار کیے جا سکتے ہیں، جو معیار بڑھاتے اور مسابقت کی بنیاد مضبوط کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ، سکل ڈیولپمنٹ اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری بھی لازمی ہے تاکہ جدید مشینری اور پراسیس ٹیکنالوجیز کا مؤثر استعمال ممکن ہو۔ دنیا کی کامیاب ٹیکسٹائل انڈسٹریز اسی جامع حکمت عملی پر چلتی ہیں، جہاں سرمایہ کاری صرف سہولت یا حکومتی مراعات پر منحصر نہیں بلکہ اندرونی استعداد، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی پر بھی مرکوز ہوتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ پاکستان کی انڈسٹری اپنی داخلی صلاحیتوں کو مضبوط کرے، پیداواری معیار بڑھائے، پراسیس انجینئرنگ میں جدت لائے، اور برانڈنگ و ویلیو ایڈیشن کے ذریعے عالمی معیار کے مطابق اپنی مصنوعات پیش کرے۔

مزید برآں، ایک مربوط ریسرچ و ڈیولپمنٹ فریم ورک قائم کرنا ناگزیر ہے، جو کپاس کی پیداوار سے لے کر فائنل مصنوعات تک پورے سپلائی چین کو کور کرے۔ اس میں مارکیٹ اور ٹیکنالوجی مانیٹرنگ یونٹس شامل ہوں تاکہ عالمی ٹرینڈز، برآمدی ضروریات اور نئی ٹیکنالوجیز کا فوری تجزیہ ہو اور صنعتی پالیسی میں شامل کی جا سکے۔ انڈسٹری-اکیڈمیا-حکومت شراکت داری کے تحت فنانسنگ، ٹیکنالوجی ٹرانسفر، سکل ٹریننگ، اور نوکریوں کے مواقع بڑھائے جا سکتے ہیں، اور محققین و فیکٹریز کی مشترکہ کوشش سے جدید مصنوعات کی تیاری ممکن ہو سکتی ہے۔ ویلیو ایڈیشن، برانڈ بیسڈ انوویشن، اور ماحول دوست پیداواری نظام کی سرمایہ کاری کے ذریعے نہ صرف پیداوار بڑھے گی بلکہ عالمی مارکیٹ میں پاکستان کی مصنوعات برانڈڈ، مستحکم اور اعلیٰ معیار کی ہوں گی۔

حاصل کلام یہ ہے کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو موجودہ چیلنجز سے نمٹنے، برآمدات میں پائیدار اضافہ کرنے، اور عالمی مسابقتی مقام حاصل کرنے کے لیے انڈسٹری کی تکنیکی بہتری، تحقیق و ترقی، جدید ٹیکنالوجی، تربیت یافتہ افرادی قوت، اور حکومتی پالیسی سپورٹ ایک ساتھ چلنی چاہیے۔ صرف حکومتی مراعات یا کم لاگت وسائل پر انحصار کرنے سے مسئلے کا حل ممکن نہیں؛ حقیقی کامیابی تحقیق، ٹیکنالوجی، پراسیس انوویشن، سکل ڈیولپمنٹ، اور مارکیٹ بیسڈ حکمت عملی کے ہم آہنگ امتزاج سے ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔ یہی جامع اور سائنسی بنیادیں پاکستان کو عالمی ٹیکسٹائل مارکیٹ میں مستحکم، پائیدار اور مسابقتی مقام دلا سکتی ہیں۔

بشکریہ اردو کالمز